Wednesday, 23 September 2026, 02:33:24 pm
 
صدر، وزیراعظم کی سعودی قیادت اور عوام کو96ویں قومی دن پر مبارکباد
September 23, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر سعودی قیادت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ال سعود اور ولی عہد و شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عقیدے، مشترکہ تاریخ، دوستی، باہمی اعتماد اور یکجہتی پر مبنی روابط رکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ تذویراتی باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ سے دیرینہ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

صدر آصف علی زرداری نے اعتماد ظاہر کیا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دوستانہ روابط مزید گہرے ہوتے رہیں گے اور انہیں دونوں ملکوں اور عوام کے باہمی مفاد کیلئے مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں وسعت ملے گی۔

شہباز شریف نے کہا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دانشمندانہ قیادت میں سعودی عرب مزید خوشحالی اور جدت کی جانب بھرپور طریقے سے گامزن ہے۔

انہوں نے کہا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں یہ برادرانہ روابط مزید مضبوط سٹرٹیجک شراکت داری میں تبدیل ہورہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری ،سلامتی اور اسلام کے مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے اس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔