Wednesday, 23 September 2026, 02:32:27 pm
 
وزیراعظم کا پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کا عزم
September 23, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ بل گیٹس سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ فائونڈیشن کے تعاون کو سراہا۔

شہباز شریف نے بل گیٹس کو حکومت کی جانب سے زرعی شعبے میں اصلاحات سے بھی آگاہ کیا، جن میں جدت، بایوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیت، تحقیق اور کسانوں کی استعدادِ کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور ابھرتی ہوئی زرعی ٹیکنالوجیز کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

بل گیٹس نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی پولیو کے خاتمے کیلئے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیو کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسینیشن پروگرام پر صوبائی حکومتوں کو وزیراعظم کی جانب سے فراہم کی گئی ذاتی رہنمائی کی بھی تعریف کی۔

ملاقات میں پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی پیشرفت اور سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے شراکت داری کی مزید مضبوطی اور اسے وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔