Wednesday, 23 September 2026, 02:35:06 pm
 
وزیرِ خزانہ کی نیویارک میں نئی معیشت میں ترقی کو توانائی فراہم کرنے کے موضوع پر اعلیٰ سطح کے مکالمے میں شرکت
September 23, 2026

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے نیویارک میں ورلڈ اکنامک فورم کے زیرِ اہتمام نئی معیشت میں ترقی کو توانائی فراہم کرنے کے موضوع پر اعلیٰ سطح کے مکالمے میں شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاری جغرافیائی و سیاسی تنازعات اور ایندھن کی فراہمی میں رکاوٹوں کے باعث عالمی توجہ توانائی کی منتقلی سے بڑھ کر توانائی کے تحفظ کے فوری چیلنج کی جانب مرکوز ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں نمایاں توسیع ہوئی ہے، جس میں بڑی حد تک نجی شعبے نے کردار ادا کیا، اور یہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کیلئے قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔

محمد اورنگزیب نے بوئنگ گلوبل کے صدر ڈاکٹر برینڈن نیلسن سے بھی ملاقات کی، جس میں پی آئی اے کے فضائی بیڑے کی جدیدکاری اور پاکستان کے ایوی ایشن کے شعبے میں وسیع تر تعاون پر گفتگو ہوئی۔

انہوں نے بوئنگ کی جانب سے پی آئی اے کو نئے طیاروں کی خریداری کیلئے نظرثانی شدہ تجویز پیش کرنے کی تصدیق کا خیرمقدم کیا، جبکہ طیاروں کی جلد ترسیل کے ممکنہ مواقع اور عبوری طور پر طیارے لیز پر لینے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔