Wednesday, 23 September 2026, 02:34:43 pm
 
نائب وزیراعظم کا او آئی سی سے مسئلہ کشمیر پر متفقہ موقف برقرار رکھنے پر زور
September 23, 2026

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور دوسرے بین الاقوامی فورمز پر جموں و کشمیر کے معاملے پر متفقہ موقف برقرار رکھیں۔

وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکیاسی ویں اجلاس کے موقع پر جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی رابطہ گروپ کے وزارتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوںکے مطابق تنازع کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق میں مسلسل آواز اٹھانے پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوشش سے ایک اور خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے اور اس میں اسے یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوئی شق موجود نہیں ہے۔