Wednesday, 23 September 2026, 02:34:32 pm
 
افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے : نائب وزیراعظم
September 23, 2026

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان کی سرزمین کو ہمسایہ ممالک، خصوصاً پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کیلئے ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکیاسی ویں اجلاس کے موقع پر افغانستان کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

نائب وزیراعظم نے افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے دی جانیوالی قربانیوں کا ذکر کیا۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کی پاسداری، دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کے خاتمے، خواتین اور بچیوں پر عائد پابندیاں اٹھانے کویقینی بنائیں اور وطن لوٹنے والے افغان شہریوں کی دوبارہ آبادکاری اور معاشرے میں انضمام میں سہولت فراہم کریں۔

نائب وزیراعظم نے ایک مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا جو خود بھی اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی پُرامن ہو۔