Wednesday, 23 September 2026, 02:34:00 pm
 
وزیراعظم نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے ساتھ قریبی تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا
September 23, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، قریبی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے۔

نیویارک میں بوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ (Dr. Denis Becirovic) سے ملاقات کے دوران انہوں نے ان تعلقات کو تجارت اور اقتصادی تعاون پر مبنی مضبوط اور وسیع البنیاد شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے بوسنیا و ہرزیگووینا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ علاقائی استحکام ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال بوسنیا و ہرزیگووینا سے وابستہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، بوسنیا و ہرزیگووینا کو یورپی اور مغربی بلقان کی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کیلئے خطے میں تجارت اور علاقائی روابط کے ممکنہ مرکز کے طور پر دیکھتا ہے۔

ڈاکٹر بیچیرووچ نے مغربی ایشیاء اور خلیجی خطے میں کشیدگی میں کمی اور حالات کو معمول پر لانے کیلئے پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کے اقدام کی غیر قانونی حیثیت سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی بھی مکمل حمایت کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی تعاون، ہنرمند افرادی قوت کے تبادلہ، تعلیم اور ثقافت کے شعبے سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔