Wednesday, 23 September 2026, 03:22:48 pm
 
پاکستان اور آسٹریا کا علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال
September 23, 2026

پاکستان اور آسٹریا نے مشرق وسطی کی صورتحال سمیت علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

یہ تبادلہ خیال نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکیاسی ویں اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور آسٹریا کی یورپی و بین الاقوامی امور کی وزیر Beate Meinl-Reisinger کے درمیان ملاقات میں کیاگیا۔

فریقین نے پاکستان آسٹریا دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعلقات، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے تمام فریقوں کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عمل درآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

آسٹریا کی وزیر خارجہ نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ۔