Thursday, 24 September 2026, 03:58:51 am
 
رِیڈیو پاکِستان اور آرمی اِنسٹی ٹیوٹ آف مِلٹری ہِسٹری میں باہمی تَعاوُن پر اِتِّفاق
September 23, 2026

ریڈیو پاکِستان اور آرمی اِنسٹی ٹیوٹ آف مِلٹری ہِسٹری نے باہمی تَعاوُن پر اِتِّفاق کیا ہے۔ 

 ڈائریکٹر جَنرل پاکِستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن، سَعید اَحمد شَیخ نے آرمی اِنسٹی ٹیوٹ آف مِلٹری ہِسٹری (AIMH) کے ڈائریکٹر جَنرل، میجر جَنرل آغا مَسعود اَکرم، ہِلالِ اِمتیاز (مِلٹری)، ریٹائرڈ کی دَعوت پر اِدارے کے راولپنڈی میں واقِع صَدر دَفتر میں اُن سے مُلاقات کی۔ مُلاقات میں اے آئی ایم ایچ میں تَعینات دیگر سِینئر حُکّام بھی شَریک تھے۔

 آرمی اِنسٹی ٹیوٹ آف مِلٹری ہِسٹری پاکِستان کی عَسکری تاریخ سے مُتعلِّق تَحقیق، تَدوین اور تَحفُّظ کا ایک اَہم اِدارہ ہے۔ یہ عَسکری تاریخ سے مُتعلِّق تَحریری، زَبانی، آڈیو، وِیڈیو اور مادّی تاریخی مَواد جَمع اور مَحفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ اُس پر تَحقیق اور اِشاعت کا کام بھی کرتا ہے۔

 مُلاقات کے دَوران پاکِستان کی قومی اور عَسکری تاریخ کے تَحفُّظ، تَحقیق اور اِسے عوام، بالخصوص نئی نَسل تک پَہنچانے کے لیے رِیڈیو پاکِستان اور آرمی اِنسٹی ٹیوٹ آف مِلٹری ہِسٹری کے دَرمیان باہمی تَعاوُن کے مُختلِف پہلوؤں پر تَبادلۂ خَیال کیا گیا۔ دونوں اِداروں نے اپنے مِیوزیمز اور تاریخی ذَخائر کے لیے باہمی دِلچسپی کے تاریخی مَواد، تَصاویر، دَستاویزات اور دیگر نَوادِرات کے تَبادلے اور فَراہمی کے اِمکانات پر کام کرنے پر اِتِّفاق کیا۔

 اِس سِلسِلے میں بالخصوص اے آئی ایم ایچ کے بَہاوَل پور کارنر کے لیے رِیڈیو پاکِستان کے آرکائیوز میں مَحفوظ مُتعلِّقہ تاریخی تَصاویر فَراہم کی جائیں گی۔ اِسی طرح رِیڈیو پاکِستان کے آرکائیوز میں مَحفوظ پاک فوج کے اَفسران کی تاریخی آڈیو رِیکارڈنگز، نیز مُختلِف اَدوار میں فوجی اَفسران کے رِیڈیو پاکِستان کے مُختلِف اِسٹیشنوں کے دَوروں کے دَوران بنائی گئی تَصاویر اور دیگر مُتعلِّقہ تاریخی مَواد بھی اے آئی ایم ایچ کے مِیوزیم کے لیے فَراہم کیا جائے گا۔

 رِیڈیو پاکِستان کا اپنا مِیوزیم بھی مُلک میں نَشریات کی تاریخ کا ایک اَہم ذَخیرہ ہے، جہاں ۱۹۳۶ء سے عَصرِ حاضِر تک رِیڈیو کی تاریخ سے مُتعلِّق آلات، تَصاویر، دَستاویزات اور دیگر تاریخی اَشیا مَحفوظ کی گئی ہیں۔ رِیڈیو پاکِستان کا یہ مِیوزیم پاکِستان کا پَہلا ڈِیجیٹل رِیڈیو مِیوزیم بھی ہے، جہاں مَحفوظ اَشیا کا تَعارُف، تاریخی پَس مَنظر اور اُن سے مُتعلِّق تَفصیلات مُختلِف ڈِیجیٹل اِسکرینوں کے ذَریعے دَستیاب ہیں۔

 مُلاقات میں رِیڈیو پاکِستان کے فیس بُک پیج اور دیگر ڈِیجیٹل پلیٹ فارمز پر شائِع ہونے والے تاریخی مَضامین اور فِیچرز کے سِلسِلے میں بھی باہمی تَعاوُن پر اِتِّفاق کیا گیا۔ بالخصوص ایسی شَخصیات، واقِعات اور تاریخی مَوضوعات سے مُتعلِّق مَواد کی تَحقیق اور تَیّاری میں اے آئی ایم ایچ کا تَعاوُن حاصِل کیا جائے گا، جِن کا تَعلُّق کِسی نہ کِسی حَوالے سے پاک فوج اور پاکِستان کی عَسکری تاریخ سے جُڑتا ہو۔

 دونوں اِداروں نے تاریخی مَواد کے تَحفُّظ، تَحقیق اور تَبادلے کے ساتھ ساتھ باہمی دِلچسپی کے دیگر شُعبوں میں بھی رابِطہ جاری رکھنے اور مُستَقبِل میں مُشترَکہ تَحقیقی، تاریخی اور عِلمی مَنصوبوں کو آگے بَڑھانے پر اِتِّفاق کیا۔