مسلم کانفرنس اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے مسئلہ کشمیر پر تعاون، رابطہ کاری اور باہمی روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے مسلم کانفرنس کے صدر اور آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں وفد اور حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کی قیادت کے درمیان اسلام آباد میں ایک اجلاس کے دوران ہوا۔
اجلاس کی صدارت حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی جس میں بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔