پاکستان کے منفرد تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثے نے عالمی سطح پر ایک اور اہم اعزاز حاصل کر لیا ہے، یونیسکو نے پاکستان کے 12 مزید تاریخی و ثقافتی مقامات کو عالمی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
نئے مقامات کی شمولیت کے بعد یونیسکو کی عالمی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل پاکستانی مقامات کی مجموعی تعداد 37 ہوگئی ہے۔
یونیسکو کی عارضی فہرست میں شمولیت کسی مقام کو عالمی ورثے کا درجہ دلانے کی جانب ایک اہم ابتدائی قدم ہے۔
نئے شامل کیے گئے مقامات میں گندھارا اور بدھ مت کا ورثہ، مغلیہ طرز تعمیر، صحرائی قلعے اور مقامی ثقافت کے اہم مراکز شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کی وادی کیلاش سمیت مزید چار مقامات، سندھ کے کوٹ ڈیجی، ناکوٹ اور عمرکوٹ کے تاریخی قلعے جبکہ پنجاب کے پھروالہ قلعہ، روات قلعہ اور سلطان مقرب خان کا مقبرہ بھی فہرست کا حصہ بن گئے ہیں۔
پاکستانی ثقافتی ورثے کی یونیسکو کی فہرست میں شمولیت سے قومی ورثے کے تحفظ، سیاحت کے فروغ، مقامی معیشت کی ترقی اور عالمی سطح پر پاکستان کی ثقافتی شناخت مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔