Sunday, 22 September 2024, 12:58:19 am
 
عوام نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کو مسترد کردیا ہے ، تارڑ
September 21, 2024

اطلاعات ونشریات کے وزیر عطاء اﷲ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کو مسترد کردیا ہے ۔

انہوں نے آج (ہفتہ کو )ٹیلی ویژن پراظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی رہنمائوں نے اس جلسے سے متعلق بڑے دعوے کیے جو سب کھوکھلے نکلے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے کھلی چھوٹ دی اورجلسے کیلئے تمام راستے کھلے رکھے سیکورٹی فراہم کی تاہم پارٹی لوگوں کوجمع کرنے میں ناکام رہی ۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ اس جلسے کے پیچھے کوئی وجہ یا بیانیہ نہیں تھا انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کم ہوکر واحد عدد پرآگئی ہے اور عالمی ادارے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کو ایشیا میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی مارکیٹ قراردیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ برآمدات میں چودہ فیصد اضافہ ہوا ہے اور پالیسی ریٹ میں بھی کمی کی گئی ہے جس سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی اور پنجاب حکومتوں نے صارفین کو بجلی پر سبسڈی دی ہے ۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ پی ٹی آئی کی خواہش صرف ملک میں انتشار پھیلانا اور ترقی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام نے پنجاب حکومت کے اچھے نظم ونسق اور کارکردگی میں بہتری کی وجہ سے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ خیبرپختونخوا سے مہمانوں کی شرکت بھی متاثر کن نہیں تھی۔