Saturday, 21 September 2024, 02:43:17 pm
 
جنوبی ایشیا میں امن کا انحصار تنازعہ کشمیر کے حل پر ہے: وزیراعظم
September 21, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کو ہر ایک کیلئے زیادہ پُرامن اور متحد بنانے کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔

عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو مضبوط کرنے پر پختہ یقین رکھتا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے دیرینہ تنازعات کو موثر انداز میں حل کرنا ضروری ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خطے کا پائیدار امن کا انحصار غیر جانبدارانہ رائے شماری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے مسئلے کو پُرامن انداز میں منصفانہ انداز میں حل کرنے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں فلسطین کے بے گناہ عوام کی حالت زار کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہئے جو بہادری سے جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں۔

مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی خواہشات کے مطابق اس مسئلے کا پُرامن حل وقت کا تقاضا ہے۔