Saturday, 21 September 2024, 04:47:10 pm
 
صدر،وزیراعظم کا عالمی امن و سلامتی کیلئے جموں و کشمیر کے تنازعے کے حل پرزور
September 21, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کو سب کیلئے زیادہ پُرامن اور متحد بنانے کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو مضبوط کرنے پر پختہ یقین رکھتا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے دیرینہ تنازعات کو موثر انداز میں حل کرنا ضروری ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ خطے کے پائیدار امن کا انحصار غیر جانبدارانہ رائے شماری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے مسئلے کو پُرامن اور منصفانہ انداز میں حل کرنے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فلسطین کے بے گناہ عوام کی حالت زار کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہئے جو بہادری سے اسرائیلی جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں۔مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی خواہشات کے مطابق اس مسئلے کا پُرامن حل وقت کا تقاضا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا امن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی کیونکہ جنگیں اور تنازعات لوگوں کے مسائل اور مشکلات میں اضافہ کرتے ہیں۔انہوں نے عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم دنیا بھر کے ممالک کے درمیان امن کے اصولوں پر کاربند رہنے کے پختہ عزم کا اظہارکرتے ہیں۔صدر مملکت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں کھلی دہشت گردی اور فلسطینیوں پر وحشیانہ حملے کر رہا ہے اور غزہ میں ہزاروں افراد کو شہید کر کے نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔صدر نے کہا کہ ہندوتوا سے متاثر مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے اور بھارت میں مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔