صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے واقعات میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور قوم پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے اثرات کا سامنا کرنے والے افراد کا ساتھ دے۔
آج دہشت گردی کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی یاد میں مختص عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے دنیا بھر میں، قومی ، اجتماعی سطح اور تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کریں۔
صدر نے کہا کہ ہمیں ٹیکنالوجی کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے تاکہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کے لیے معلومات، امداد اور بحالی کی خدمات آسانی سے دستیاب ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کرنا خیرات نہیں بلکہ انصاف، انسانی وقار اور قومی ذمہ داری کا معاملہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کی جسمانی، ذہنی اور سماجی بحالی بھی ہماری مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شہدا، ان کے خاندانوں اور دہشت گردی کے متاثرین کے لیے ایک جامع امدادی نظام قائم کیا ہے۔