چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔
راولپنڈی میں بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور قابل فخر لوگوں کا خطہ ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ واضح قومی بیانیہ اور پائیدار امن و استحکام صوبے کی حقیقی معاشی صلاحیت بروئے کار لانے، سرمایہ کاری راغب کرنے اور بلوچستان کے وافر انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی حقیقی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں اور ان کیلئے مواقع کی کوئی کمی نہیں، اور وہ ہمارے معاشرے کا سب سے متحرک اور باصلاحیت طبقہ ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان غیر ملکی آلہ کار ہیں، جنہیں دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے، اس کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے اعادہ کیا کہ قوم کے اجتماعی اور غیر متزلزل عزم اور ریاست کے فیصلہ کن ردعمل کے ذریعے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔