Saturday, 22 August 2026, 05:09:15 am
 

مزید خبریں

 
وزیراعظم اور ملائیشین ہم منصب کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، دوطرفہ تعاون پر گفتگو
August 21, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

 

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ڈاکٹر انور ابراہیم کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس رفتار کو مزید آگے بڑھانے، بالخصوص باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال، بالخصوص خلیج کی صورتحال، بھی زیرِ بحث آئی۔

ڈاکٹر انور ابراہیم نے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قابلِ تحسین کوششوں، قیادت اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کیا۔

شہباز شریف نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے ملائیشیا سمیت برادر اور دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل قریب میں باہمی طور پر موزوں موقع پر ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ملائیشین ہم منصب کو اپنی سہولت کے مطابق جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔