وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے برآمدات پر مبنی ترقی اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لئے حکومتی عزم کو اُجاگر کیا ہے جس کا مقصد نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں چین کے سلک روڈ فنڈ کی چیئرپرسن ژو جون کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے شرکاء کو پاکستان کی حالیہ معاشی پیش رفت سے آگاہ کیا، جس میں مالیاتی نظم و ضبط اور مجموعی معاشی صورتحال میں بہتری شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلک روڈ فنڈ سمیت سرمایہ کاری کے بڑے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل بڑھانے سے سرمایہ بنانے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مثبت معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
چین کے سلک روڈ فنڈ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
سلک روڈ فنڈ کے وفد نے پاکستان کی بنیادی معاشی صورتحال کو مستحکم کرنے کے حوالے سے پیش رفت کو سراہا۔