فائل فوٹو
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔
ایک بیان میں حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارت اور مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں غیر انسانی حالات میں بند رہنماؤں اور کارکنوں سمیت کشمیری قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
ادھر کشمیر میڈیا سروس کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انیس سو نواسی سے اب تک بھارتی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے میں چھیانوے ہزار پانچ سو سے زائد بے گناہ کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس عرصے کے دوران آٹھ ہزار سے زائد کشمیریوں کو دوران حراست لاپتہ کیا گیا جبکہ گیارہ ہزار سے زائد خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پانچ اگست دو ہزار انیس کو علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور سیاسی ناانصافی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔