Saturday, 22 August 2026, 06:32:08 am
 

مزید خبریں

 
کل جماعتی حریت کانفرنس کا عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ
August 16, 2026

فائل فوٹو

کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ دنیا کو کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے ریاستی جبر و استبداد سے لاتعلق نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور یہ مسئلہ جنوبی ایشیا میں ایٹمی تصادم کی ممکنہ وجہ بن سکتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے سے جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے جس کے پورے خطے اور اس سے باہر تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق اس تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل کی راہ ہموار کرنے کیلئے موثر اقدامات کرے۔

عبدالرشید منہاس نے خبردار کیا کہ تنازعے کے حل میں مسلسل تاخیر کے علاقائی اور عالمی امن پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔