کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام پانچ اگست2019 ء سے بھارتی حکومت کی طرف سے مسلط کردہ فوج اور پولیس کے سخت محاصرے اور کالے قوانین کی وجہ سے مزید مشکلات کاشکار ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ حل طلب مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی اور بدامنی کی بنیادی وجہ ہے۔
انہوں نے کشمیری عوام کو ان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے حق خودارادیت دینے سے متعلق اپنے وعدے کوپورا نہ کرنے پر بھارت کو تنقید کانشانہ بنایا۔
ادھربھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںو کشمیر میں حالات مزید خراب ہوتے جارہے ہیں کیونکہ بھارت اپنے جیسے نظریات رکھنے والے ملک اسرائیل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مسلم اکثریتی علاقے کے زبردستی الحاق کی کوشش میں ہے۔
ادھر بھارتی پولیس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کتابوں کی درجنوں دکانوں پر چھاپے مار کر جماعت اسلامی کے بانی ابو الاعلیٰ مودودی کی لکھی ہوئی سینکڑوں کتابیں قبضے میں لے لیں۔