Friday, 21 February 2025, 12:50:33 am
 
مودی حکومت کے یکطرفہ اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، حریت کانفرنس
February 16, 2025

 کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں مودی حکومت کے یکطرفہ اقدامات اور پانچ اگست 2019ء کے بعدکے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں کہا کہ اگست 2019میں دفعہ370کی منسوخی نے اقوام متحدہ کی طرف سے علاقے کی تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو متاثر کیا۔

انہوں نے بھارت کی طرف سے کشمیر کو بین الاقوامی تنازعہ تسلیم نہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کی نوآبادیاتی پالیسیاں چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی سمیت بھارتی جیلوں میں نظر بند دیگر رہنمائوں کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بڈگام میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے منصفانہ ٹرائل کے بغیر سالہا سال سے جیلوں میں نظربند کشمیری سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے وقف ترمیمی بل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ میں بل پیش کرنے سے قبل مسلمانوں کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں ایک بیان میں اسلامی لٹریچر کے خلاف بھارتی پولیس کے کریک ڈاؤن کی مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی آزادی پر حملہ قرار دیا۔

مقبوضہ جموں وکشمیر میں کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے کشمیری عوام کی بہتری کو نظر انداز کرنے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔