Friday, 21 February 2025, 01:14:04 am
 
بی جے پی حکومت کی کارروائیاں، تین مسلمان ملازمین برطرف اور ایک کشمیری کی جائیداد ضبط
February 15, 2025

فائل فوٹو

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت نے کشمیریوں کے خلاف کاررروائیاں اور تیز کرتے ہوئے مزید تین مسلمان ملازمین کو برطرف جبکہ ایک اور کشمیر ی کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق برطرف کیے گئے ملازمین میں مقامی پولیس کانسٹیبل فردوس احمد بٹ، معلم محمد اشرف بٹ اور محکمہ جنگلات کا ملازم نثار احمد خان شامل ہیں ۔

بھارتی پولیس نے سرینگر میں کتب فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے جماعت اسلامی سے متعلق ساڑھے چھ سوسے زائد کتب ضبط کر لی ہیں۔ ضبط شدہ تصانیف میں جماعت اسلامی کے بانی ابوالاعلیٰ مودودی، امین احسن اصلاحی اور تحریک آزاد ی کشمیر کے معروف قائد سید علی گیلانی شہید کی تصانیف شامل ہیں۔

جماعت اسلامی اور کئی دوسری آزادی پسندتنظیموں پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بدستور پابندی عائد ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے ایکس پر ایک پوسٹ میں تین کشمیری ملازمین کی برطرفی اور دینی کتب ضبط کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آمرانہ اقدام قرار دیاہے۔

ادھر حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں ایک اجلاس کے دوران ممتاز حریت رہنما شہید غلام محمدBULLA کو ان کے پچاس ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔