وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ملک کے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، ویلیو ایڈیشن میں اضافے، عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور برآمدات میں اضافے کے لیے حکومت کے عزم کا ا عادہ کیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں پاکستان کے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی اور فروغ سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں ملک کے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، ویلیو ایڈیشن میں اضافے، عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور برآمدات میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں پکھراج، یاقوت اور دیگر اعلیٰ قدر کے قیمتی پتھروں کی کان کنی کے لیے بلاکس کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ منظم اور اعلیٰ معیار کی کان کنی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر رابطہ کاری اور پالیسیوں پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے صوبوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ مقامی کاروباری اداروں، کان کنوں، تاجروں، برآمد کنندگان اور بین الاقوامی خریداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور نئے کاروباری روابط کے فروغ کے لیے کراچی اور اسلام آباد میں قیمتی پتھروں کی خصوصی نمائشیں جلد منعقد کی جائیں گی۔
کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ کوئٹہ میں قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے کے لیے ایک خصوصی تربیتی مرکز جلد قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں قیمتی پتھروں کے شعبے کے لیے سینٹرز آف ایکسیلنس قائم کیے جائیں گے۔