Tuesday, 21 July 2026, 12:26:06 pm
 
پاکستان اور کینیڈا کا باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
July 20, 2026

پاکستان اور کینیڈا نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کے ایک نئے معاہدے کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار دفترِ خارجہ اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران کیا گیا، بات چیت میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے جبکہ کینیڈا کے وفد کی قیادت وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے کی۔

بعد میں صحافیوں سے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے کینیڈا کی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ سرمایہ کاری کے اس جدید فریم ورک کو جلد مکمل کیا جائے گا یہ فریم ورک دونوں ممالک میں کاروبار کو فروغ دے گا اور انہیں ترقی کرنے کے لیے زیادہ یقین اور اعتماد فراہم کرے گا۔

نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان تعلیم، توانائی، کان کنی اور اہم معدنیات، زراعت، بنیادی ڈھانچے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت ترجیحی شعبوں میں کینیڈا کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔انہوں نے کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں ابھرتے ہوئے مواقع کا جائزہ لینے کی دعوت دی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بات چیت میں تعلیم، افرادی قوت کیلئے بیرون ملک روزگار، قونصلر امور، سائنس و ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور عوام کے درمیان روابط جیسے شعبوں میں تعاون کا جائزہ بھی لیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ فریقین نے مسلسل رابطوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کینیڈین وزیر خارجہ کے اس دورے سے ہونے والی پیش رفت کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ادارہ جاتی تعاون میں اضافہ، مسلسل دوطرفہ مشاورت اور متعلقہ وزارتوں اوراداروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ زرعی تجارت کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ زرعی سال کے دوران کینیڈا سے چار لاکھ ستر ہزار ٹن سے زائد کینولا درآمد کیا۔

انہوں نے کینیڈا میں چاول، ٹیکسٹائل اور کھیلوں کے سامان سمیت مزید پاکستانی مصنوعات کی دستیابی کا بھی خیرمقدم کیا۔

قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کینیڈین کمپنی 'جے سی ایم پاورکراچی الیکٹرک' کے اشتراک سے جلد ہی دوسو چالیس میگاواٹ کے دھابیجی ہوا اور شمسی توانائی کے منصوبے کی تعمیر کا کام شروع کرے گی۔

انیتا آنند نے کہا کہ کینیڈا، انٹرپول اور اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں کے ذریعے پاکستان کے ساتھ تین نئے سکیورٹی منصوبوں میں بائیس لاکھ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے ساڑھے چار کروڑ ڈالر مالیت کے ترقیاتی معاونت کے تین نئے منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستانی عوام کی موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت پیدا کرنے، قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے، بالخصوص لڑکیوں کیلئے تعلیم تک رسائی میں اضافہ کرنے اور تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ان طبقات کی بحالی میں بھی مددگار ثابت ہوں گے جو حالیہ برسوں میں پاکستان میں آنے والے مسلسل سیلابوں کے اثرات سے نمٹ رہے ہیں۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں علاقائی کشیدگی کے پائیدار اور پرامن حل کے لیے مذاکرات کی حمایت میں پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔