وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کینیڈا کی وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ایگری فوڈ، ویکسین کی تیاری، قابلِ تجدید توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس کی صنعت کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان سے جلد ملاقات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے اپریل میں اپنے کینیڈین ہم منصب سے ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو کا ذکر کیا اور خطے میں امن کی کوششوں کے لیے پاکستان کی حمایت پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کا خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ ان کا یہ دورہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے ہے۔
دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے کینیڈا کی وزیر خارجہ نے زراعت، معدنیات، توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس کی صنعت میں تجارت اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اپنی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ (FIPA) پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
فریقین نے تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا تاکہ باہمی مفاد کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم نے کینیڈا سے پاکستان کو کینولا کی درآمد سے متعلق فائٹو سینیٹری ضوابط کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
پروٹوکول پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اپنے اپنے ممالک کی جانب سے دستخط کیے۔