Tuesday, 21 January 2025, 03:33:37 am
 
سفر کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
January 20, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بہترین سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وہ اسلام آباد میں این ایچ اے پر مشتمل امور اور نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر حفاظتی امور کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

انہوں نے محکمہ نیشنل ہائی وے کو ہدایت کی کہ وہ موٹرویز پر تمام ٹوٹی ہوئی حفاظتی باڑھوں کی مرمت کے کام کو ایک ماہ کے اندر تیزی سے مکمل کریں اور باڑ کو چوری کرنے اور نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

وزیراعظم نے زور دیا ہے کہ قومی شاہرات اور موٹرویز قومی ترقی اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔

وزیراعظم نے سکھر۔ حیدرآباد موٹروے کے تعمیراتی کام، رتوڈیرو۔ گوادر موٹروے اور حیدرآباد کراچی موٹروے، کراچی کوئٹہ چمن نیشنل ہائی وے اور قراقرم ہائی وے کے کچھ حصوں کے باقی ماندہ حصوں کے تعمیراتی کام کے حوالے سے جائزے کیلئے ایک رہبر کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ان اہم قومی منصوبوں کا ترقیاتی کام تیز رفتاری اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

اجلاس کو قومی شاہرات اور موٹرویز پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور - ساہیوال- بہاولنگر موٹروے کے پہلے فیز لاہورـ ساہیوال پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔پہلے مرحلے میں لاہور رنگ روڈ تا رائے ونڈ-قصور روڈ زمین کی خریداری کی جا رہی ہے ۔ اس موٹر وے سے جنوب مشرقی پنجاب کے کئی اضلاع مستفید ہو سکیں گے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر حفاظتی انتظامات سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم نے موٹر ویز پر تمام حفاظتی جنگلوں کی مرمت کا کام ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایسے افراد جو ان حفاظتی جنگلوں کو چوری کرتے ہیں یا ان جنگلوں کو خریدتے ہیں ان سب کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ وزیراعظم نے قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر پولیسنگ اور پیٹرولنگ بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو موٹر ویز پر نصب حفاظتی جنگلوں کی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر کی موٹرویز پر 4027 کلومیٹرز حفاظتی جنگلے نصب ہیں جن میں سے 859 کلومیٹرز حفاظتی جنگلے یا تو چوری ہوئے یا انہیں نقصان پہنچایا گیا ؛ موٹر ویز حفاظتی جنگلوں کی عدم موجودگی کے باعث پچھلے چار سالوں میں 36 حادثات رپورٹ ہوئے ؛ پچھلے چار سالوں میں موٹرویز پر حفاظتی جنگلوں کی چوری اور انہیں نقصان پہنچانے کے حوالے سے 178 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ موٹرویز کو اسٹریٹیجک اسیٹ قرار دینے کے حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے جس کے بعد موٹر ویز کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کاروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔