Tuesday, 21 January 2025, 03:31:47 am
 
چین نے پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ اہم کرداراداکیا،وزیراعظم
January 20, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے گوادر ایئرپورٹ سے پروازوں کے آغاز کو وسطی اور مشرقی ایشیائی، مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ بنانے میں ایک اور سنگ میل قرار دیا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ گوادر ایئرپورٹ کا فعال ہونا پاکستان اور پورے خطے کیلئے رابطے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے سی پیک کے ویژن کی تکمیل اور پاکستان اور خطے میں خوشحالی لانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سی پیک کے ذریعے پاکستان اور خطے کی ترقی کے مشترکہ عزم کے ادراک کے قریب ہیں جس کا آغاز چین کے صدر شی جن پنگ اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کیا تھا۔

وزیراعظم نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سہولتوں سے آراستہ گوادر ایئرپورٹ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستی کی درخشاں مثال ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے جس نے ملک کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔