Thursday, 21 November 2024, 11:29:52 am
 
وزیراعظم کا دہشت گردوں کے خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ
November 19, 2024

وزیراعظم نے ملک میں امن اورخوشحالی کے لئے دہشت گردوں کے خاتمے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

آج (منگل کو )اسلام آباد میں قومی لائحہ عمل سے متعلق ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں امن اورترقی کیلئے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسر ا راستہ نہیں ۔

دہشت گردی کو بڑا چیلنج قراردیتے ہوئے شہبازشریف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملوں میں اضافے پر تشویش ظاہرکی ۔

وزیراعظم نے معاشی اشاریوں میں بہتری پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کی سٹاک ایکس چینج تاریخی بلندیوں کو چھورہی ہے جبکہ مہنگائی واحد عدد پر آگئی ہے اور پالیسی ریٹ بائیس فیصد سے کم ہوکر پندرہ فیصد پرآگیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جبکہ ترسیلات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔

شہبازشریف نے معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کرنے میں صوبائی حکومتوں اور اداروں کے کردار کوسراہا ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ٹیکس کے دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے کوششیں جاری ہیں انہوں نے زوردیا کہ ملک کو قرض سے نجات دلانے کیلئے بدعنوانی اور بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کے مسئلے کو حل کرنا ہوگا ۔

شہبازشریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زوردیا۔