Tuesday, 20 October 2026, 05:04:34 am
 
بجلی چوری کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے: وزیر توانائی
October 19, 2026

وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام اور لائن لاسز میں کمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

انہوں نے آج ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے معائنے کے دوران کہا کہ بجلی چوری کی نشاندہی اور ٹارگٹڈ کارروائی کے لیے ملک بھر میں ٹرانسفارمرز پر جدید پاور مینجمنٹ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ جدید نظام بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی تقسیم کے نیٹ ورک کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی تقسیم کے نیٹ ورک میں اصلاحات، آپریشنل نقصانات پر قابو پانے اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ وسیع تر جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث گیس کی فراہمی اور دستیابی میں رکاوٹوں نے بجلی کی پیداوار کے اخراجات بڑھا دیے ہیں، جس کے باعث توانائی کے زیادہ مہنگے ذرائع استعمال کرنا پڑ رہے ہیں۔