نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان باہمی احترام، خیرسگالی اور اعتماد کے جذبے کے تحت بنگلہ دیش کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں بنگلہ دیش کے سرکاری افسران کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات ، ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی روابط کی گہری بنیادوں پر استوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم، تجارت، رابطوں، سائنس و ٹیکنالوجی، موسمیاتی موافقت اور باہمی دلچسپی کے دوسرے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔