Thursday, 19 November 2026, 12:26:52 am
 
پاک فوج نے فتح-3 سُپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا
November 18, 2026

پاک فوج نے آج فتح تھری سُپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اور اہم سنگ میل ہے۔

یہ میزائل رفتار اور رہنمائی کے جدید نظام سے لیس ہے اور تیز رفتاری سے طویل فاصلے پر انتہائی درستگی اور مؤثر طریقے سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فتح تھری سے پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل اور حملہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے ملک کی مجموعی روایتی دفاعی قوت اور جنگی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔

کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں نے تجربے کا مشاہدہ کیا۔

صدر، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے فتح تھری کے کامیاب تجربے کو سراہا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اور اہم سنگ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی لگن اور عزم کی بھی تعریف کی۔