وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے چین کی ملٹی نیشنل مینوفیکچرنگ کمپنی BYD کے پاکستان میں بڑھتے ہوئے کاروبار کو سراہا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں بی وائی ڈی گروپ اور میگا موٹر کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر نے پاک چین اقتصادی شراکت داری کے اہم ستون کے طور پر بزنس ٹو بزنس تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خزانہ نے یقین ظاہر کیا کہ BYD-MMC مشترکہ منصوبے صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے ای وی شعبے کیلئے حکومت کے تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے مقامی تیاری، مینوفیکچرنگ اور چارجنگ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے کوششوں کو تیز کرنے کیلئے وفد کی حوصلہ افزائی کی، انہوں نے کہا کہ ایک تیز تر چارجنگ نیٹ ورک کی دستیابی پورے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال تیزی سے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔