ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا انتہائی مہارت، اخلاص اور دانشمندی کے ساتھ ثالثی کے عمل میں نہایت اہم کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سہ پہر وزیراعظم شہباز شریف سے 30 منٹ تک جاری رہنے والی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا۔
اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ حمایت کو ایران ہمیشہ یاد رکھے گا۔
ایرانی صدرنے پاکستانی عوام کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تہران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے صدر پزشکیان، ایرانی قیادت اور برادر عوامِ ایران کو تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ نہ صرف خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ایرانی قوم کی تعمیر نو اور پاکستان و ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بھی بنے گا۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر، آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے بھی اپنے پرتپاک احترام اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے امن معاہدے پر دستخط کے ایرانی فیصلے کو سراہتے ہوئے مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے ایرانی قیادت کی کامیابی کی دُعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک برادراور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہر شعبے میں ایران کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی سہولت کے مطابق جلد از جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دورے کرنے پراتفاق کیا تاکہ دوطرفہ اورعلاقائی امور میں موجودہ بہترین تعاون کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے آئندہ دنوں میں بھی مسلسل رابطے میں رہنے پراتفاق کیا۔