بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزایانی نے نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کو امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بطور گواہ دستخط کرنے پر پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کیا۔
بحرین کے وزیر خارجہ نے فریقین کے درمیان مفاہمت کو آسان بنانے میں پاکستان کے تعمیری ثالثی کے کردار کو بھی سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے اس اہم سنگ میل پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ اس سے خطے میں دیرپا امن اور استحکام میں مدد ملے گی۔
انہوں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا بھی اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل اعلی سطح کے روابط اور قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
دریں اثناء ، ترکیہ کے وزیر خارجہ Hakan Fidan نے آج نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا ۔
ترک وزیرخارجہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر تاریخی دستخط پر پاکستان کو مبارک باد دی اور ثالث کے طور پر پاکستان کی حمایت اور توثیق کی۔
دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ یہ اہم پیش رفت خطے اور دنیا بھر میں دیر پا امن، استحکام اورترقی میں معاون ثابت ہوگی۔
