Thursday, 18 June 2026, 11:57:16 pm
 

مزید خبریں

 
امریکہ، ایران نے تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر الیکٹرانک دستخط کردیئے، وزیراعظم
June 18, 2026

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر آج الیکٹرانک دستخط کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مفاہمتی یادداشت پر دونوں ممالک کے صدور نے دستخط کئے ہیں اور بطور ثالث انہوں نے اس کی توثیق کی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے یہ اعلان سوشل میڈیاایکس پرایک پوسٹ میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی جانب سے اعلیٰ ترین سطح پر اس معاہدے پر دستخط اس بات کا ثبوت ہیں کہ فریقین تنازع کے حل کے لئے پُرعزم ہیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور ابتدائی اقدام کے طور پر ایران آبنائے ہرمزفوراً دوبارہ کھول دیگا جبکہ امریکہ فوری طور پر بحری ناکہ بندی ختم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان معاون ثالث قطر کی حمایت سے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے آغاز کے لئے کل سوئٹزرلینڈ میں سرکاری تقریب کی میزبانی کرے گا۔

شہباز شریف نے امریکہ اور ایران کی قیادت کو مبارکباد دی اور تاریخی مفاہمتی معاہدے تک پہنچنے کے لئے ان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کی انتھک کوششیں، بے لوث لگن اور موثر کردار اس پیشرفت کو ممکن بنانے اور امن و علاقائی استحکام کے فروغ میں نہایت اہم ثابت ہوئے۔