Thursday, 18 June 2026, 11:58:11 pm
 
فٹبال ورلڈ کپ کا نیا ہیرو، عراقی ٹیم کے اسٹار پاکستانی نژاد زیدان اقبال کی تاریخی شمولیت
June 18, 2026

فٹبال ورلڈ کپ میں عراقی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی نژاد فٹبالر زیدان اقبال نے تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی نژاد کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی زیدان اقبال کی ورلڈ کپ میں شرکت نے دنیا بھر بالخصوص کروڑوں پاکستانی شائقینِ فٹبال کے لیے فخر اور خوشی کا باعث بنی ہے۔

زیدان اقبال نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے پاکستانی والد کی تربیت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی نے انہیں اس مقام تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے تو ان کے والد زیادہ خوش ہوتے، تاہم وہ عالمی سطح پر اپنی کارکردگی کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق زیدان اقبال کی موجودگی نے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی بچوں کے لیے حوصلے اور امید کا نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔

ان کی شاندار کارکردگی اور عالمی سطح پر نمائندگی کو پاکستان کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا مثال قرار دیا جا رہا ہے، جو نوجوان نسل کے لیے ایک روشن رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔