Monday, 22 June 2026, 01:21:40 pm
 
بھارتی سرپرستی میں فتنہ الہندوستان بلوچستان کے امن کو تباہ کر کے خطے کے استحکام کا دشمن بن گیا
June 18, 2026

عالمی ذرائع ابلاغ نے بلوچستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں کے پس پردہ عوامل پر روشنی ڈالتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے کردار کو اجاگر کیا ہے۔

عالمی جریدے ٹی آر ٹی ورلڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق فتنہ الہندوستان، جسے متعدد ممالک دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں، بلوچستان کے امن، استحکام اور معاشی ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں ملوث ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ گروہ سپلائی گاڑیوں، ٹرینوں اور مواصلاتی نظام کو نشانہ بنا کر تجارتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گوادر بندرگاہ کی تزویراتی اہمیت کے پیش نظر ایسی کارروائیاں نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی اقتصادی سرگرمیوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

ٹی آر ٹی ورلڈ کے مطابق امریکہ، آسٹریلیا اور برطانیہ فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطی اور چین کو ملانے والا ایک اہم تجارتی مرکز ہے، جبکہ دہشت گردی کے ذریعے صوبے میں بدامنی پھیلانے اور ترقیاتی منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں خطے کے وسیع تر معاشی مفادات کے خلاف ہیں۔

ماہرین کے مطابق فتنہ الہندوستان اپنے سرپرستوں کے ایجنڈے کے تحت دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل کو متاثر کرنا چاہتا ہے۔