اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل نے علاقائی تعاون مستحکم بنانے، اقتصادی روابط بڑھانے اور پائیدار ترقی کے فروغ کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کی تجدید کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار اسلام آباد اعلامیے میں کیا گیا جو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے تیسویں اجلاس کے اختتام پر جاری کیا گیا۔
اجلاس میں خطے کی موجودہ جغرافیائی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور تحمل، مذاکرات اور سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے بانی رکن ملک ایران کے اہم کردار اور ای سی او کی ترقی میں اس کی نمایاں خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا۔
اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل نے تنازع کے باوقار حل اور موجودہ جنگ کے مکمل اور مستقل خاتمے کیلئے پاکستان اور قطر کی ثالثی کی کوششوں اور ایران کی جانب سے پیش کئے گئے حالیہ اقدام کی بھی حمایت کی۔
اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل نے تنظیم کے رکن ممالک کیلئے پاکستان کی مسلسل تعمیری سفارتی حمایت اور ایران امریکہ حالیہ کشیدگی کے دوران تناؤ میں کمی کیلئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو بھی سراہا۔
اجلاس میں رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، آزاد اقتصادی زونز کے قیام، مشترکہ پیداواری ادارے اور علاقائی ویلیو چینز تشکیل دینے اور برآمدات کی صلاحیت بڑھانے کیلئے مشترکہ اقدامات کریں۔