Tuesday, 17 November 2026, 12:17:50 pm
 
مستقل امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل ذرائع ہیں: نائب وزیراعظم
November 16, 2026

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ زیر التوا مسائل کے حل، کشیدگی میں اضافے کی روک تھام اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل ذرائع ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزراء کونسل کے تیسویں اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے دوطرفہ ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی توثیق کی اور اعلیٰ سطح  پر مسلسل رابطوں کے ذریعے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے تیسویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد دی اور اجلاس میں ہونے والی مفید بات چیت، شاندار مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کو سراہا۔