وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، روابط اور معاشی تعلقات کے فروغ کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے ان سے مشترکہ ملاقات کی۔
وزیراعظم نے دورے پر آئے معززین کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے تیسویں اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے تنظیم کے مقاصد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا بھی اعادہ کیا۔
انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے تیسویں اجلاس کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور اسلام آباد اعلامیے اور دو ہزار چھبیس سے دو ہزار پینتیس کے لیے معاشی تعاون کے تزویراتی اہداف کی منظوری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ان اہداف کو تنظیم کو مضبوط بنانے اور مشترکہ علاقائی ترجیحات کو آگے بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
شہبازشریف نے 2026 سے 2027 تک ای سی او کی صدارت پاکستان کو ملنے کا ذکر کرتے ہوئے اس سال کے لیے طے کردہ موضوع مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے علاقائی تعاون کی بحالی کو اجاگر کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ تنظیم کے مشترکہ وژن کو ایسے عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے جن کے نتائج سامنے آئیں اور خطے کے عوام کو حقیقی فوائد حاصل ہوں۔
وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور آمدورفت کے لئے روابط، توانائی، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے علاقائی معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کے موجودہ معاہدوں پر موثر عمل درآمد اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
شہبازشریف نے پاکستان کے تزویراتی جغرافیائی محل وقوع کی اہمیت بیان کرتے ہوئے سڑکوں، ریلوے اور نقل و حمل کے مختلف ذرائع پر مشتمل راہداریوں کے ذریعے علاقائی روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ان میں کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں سے رابطے بھی شامل ہیں، تاکہ خصوصاً اقتصادی تعاون تنظیم کے ایسے رکن ممالک کیلئے علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی آسان بنائی جا سکے جن کی اپنی بندرگاہیں نہیں ہیں۔
تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو 2027 کے لیے لاہور کو تنظیم کا سیاحتی دارالحکومت قرار دیے جانے کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریبات میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔
انہوں نے تنظیم کی سربراہی کے دوران اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام رکن ممالک اور اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹریٹ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان 2027 میں وزرائے خارجہ کونسل کے آئندہ اجلاس اور اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے لیے رکن ممالک کا دوبارہ خیرمقدم کرنے کا منتظر ہے۔