وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے کسی بھی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور ان کی برآمدات میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے برآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملاقات کا بنیادی مقصد پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے برآمدات کو آسان بنانا ہے۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں کاروبار کے فروغ اور چھوٹے کاروبار کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ضلعی سطح پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے سہولت مراکز قائم کرنے کی منظوری دی۔
انہوں نے لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں آزمائشی سہولت مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزمائشی منصوبے کی کامیابی کے بعد کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے ان مراکز کا دائرہ کار بتدریج تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کوجلد خراب ہونے والی اشیا کی برآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پائیدار کولڈ اسٹوریج نظام کے قیام کا جامع منصوبہ تیارکرے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبے اور نئے برآمد کنندگان کے لیے ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت تین سو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ رقم صرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مختص ہوگی اور ایگزم ایکسپورٹ امپورٹ بینک اس حوالے سے سرکلر جاری کر چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعتوں کو بین الاقوامی برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
وفد نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا اور اس شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔
وزیراعظم نے وفد کی پیش کردہ قابل عمل تجاویز کا جائزہ لینے اور ان پر عمل درآمد کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی۔