Tuesday, 17 November 2026, 12:07:57 pm
 
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا
November 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں قائدانہ کردار ادا کرنے پر فخر ہے اور پاکستان اس حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیراعظم نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اسلام آباد کے پہلے دورے پر ان کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے رکن ممالک کی جانب سے اتفاق رائے سے ان کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ رکن ممالک کو ان کی قیادت پراعتماد ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل اور قابل قدر کوششوں کو سراہا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مسلم امہ کی نمائندہ تنظیم کی حیثیت سے او آئی سی کو امت مسلمہ کو درپیش اہم مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں کی قیادت کرنے کا منفرد موقع حاصل ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کرنے والی مسلم امہ کے مشترکہ مفاد کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔

دونوں جانب سے فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔