پاکستان کسٹمز نے کراچی میں 7.711 ارب روپے مالیت کی اسمگل شدہ اور ممنوعہ اشیا تلف کرنے کی مشترکہ کارروائی کی۔
اس حوالے سے کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) ، کراچی نے کلکٹریٹ آف کسٹمز (ایئرپورٹ) ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ (JIAP)، کراچی کے اشتراک سے گڈاپ ٹاؤن کراچی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔
تلف کی جانے والی اشیا میں 7.124 ارب روپے مالیت کی منشیات، بھاری مقدار میں شراب اور دیگر ممنوعہ اشیا شامل تھیں، جن میں زائدالمیعاد اور جعلی مصنوعات بھی شامل ہیں۔ ان دیگر اشیا کی مالیت تقریبا 586.58 ملین روپے تھی، جبکہ تلف کی جانے والی تمام اشیا کی مجموعی مالیت 7.711 ارب روپے بنتی ہے۔
یہ کارروائی کسٹمز ایکٹ، 1969 اور کسٹمز جنرل آرڈر (CGO) نمبر 12/2002 کے تحت مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق عمل میں لائی گئی۔
اس موقع پر پاکستان کسٹمز نے اسمگلنگ اور ممنوعہ اشیا کی غیر قانونی تجارت کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھنے، عوامی صحت کے تحفظ، قومی محصولات کی حفاظت اور قانونی تجارت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔