امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی آموں کی مٹھاس پاک امریکہ دوستی کو مزید میٹھا ، گہرا اور قابل ستائش بناتی ہے ،ہماری دفاعی اور سفارتی صلاحیتوں کے ناقابِلِ تردید مظاہرے کی طرح ہمارے آموں کا ذائقہ بھی ہماری زرعی روایت اور صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ مینگو فیسٹول میں کیا ، جس میں امریکیوں، پاکستانیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ واشنگٹن ڈی سی اور گردو نواح کی ریاستوں میں مقیم امریکی و دیگر سفارتی برادری، امریکی انتظامیہ کے اہلکاروں، پالیسی سازوں، تھنک ٹینک ، ادبی حلقوں، میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔ سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ اور ان کی اہلیہ لبنیٰ رضوان کی جانب سے شرکا ء کا پرجوش استقبال کیاگیا۔
مینگو فیسٹول میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی آموں اور آموں سے بنی مختلف اشیا سے تواضع کی گئی۔ تقریب سے رکن کانگریس ، ممبر امور خارجہ کمیٹی اور سابق نیوی سیل ریان زنکے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکہ دوستی اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے ۔
رضوان سعید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی آم کے ذائقے کا سفر صدیوں پر محیط ہے اورملک کی شناخت کا درجہ حاصل کر چکا ہے آج اس فیسٹیول میں بھرپور شرکت پاکستان کی بڑھتی ہوئی قبولیت اور مقبولیت کی عکاس ہے۔
سفیرِ پاکستان نے کہا کہ ہمیں پاک امریکہ دوستی اور شراکت داری کو ہمارے آم جیسا لاثانی ذائقہ دینے کے لئے روبہ عمل ہونا ہے۔