وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد پچھتر لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی ہے۔
وہ نوجوانوں کے لیے قرض اسکیموں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان اسکیموں اور حکومتی اقدامات کے بارے میں آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت تیس فیصد قرضے خواتین کے لیے مختص کیے جائیں۔