Monday, 09 November 2026, 05:12:17 am
 
شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کا یوم ولادت کل منایا جائے گا
November 08, 2026

قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا یومِ ولادت کل ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔

ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نو نومبر اٹھارہ سو ستتر کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے اپنی آفاقی شاعری اور سیاسی بصیرت کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کی روح پھونکی اور انیس سو تیس میں الہ آباد کے تاریخی خطبے میں قیامِ پاکستان کا تصور پیش کیا۔

علامہ اقبال کے اس خطبے نے برصغیر کے مسلمانوں کو حصولِ پاکستان کے لیے واضح سمت اور الگ شناخت دی۔

حکومت نے  یومِ اقبال کے سلسلے میں کل عام تعطیل کا اعلان کیا ہے اور ملک بھر میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

ریڈیو پاکستان یومِ اقبال کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز نشر کرے گا، جن میں علامہ اقبال کی شاعری اور افکار کو اجاگر کیا جائے گا۔