پاکستانی وفدنے غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ کے معاہدے / دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے (FIPPA/BIT) کے دوسرے دور کے مذاکرات کے سلسلہ میں کینیڈا کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) حکومتِ پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری ذوالفقار علی کی سربراہی میں ایک سرکاری وفد پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مجوزہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ کے معاہدے / دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے (FIPPA/BIT)پر مذاکرات کے لیے کینیڈا کے دورے پرہے۔ پاکستانی وفد میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی امور سے متعلقہ اداروں کے سینئر حکام شامل ہیں۔
افتتاحی اجلاس میں کینیڈا کے عالمی امور کے ادارے ( Global Affairs Canada) کے جنوبی ایشیا بیورو کے ڈائریکٹر جنرل ژاں کرسچین بریاں نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا اور اس توقع کااظہار کیاکہ یہ مذاکرات نتیجہ خیز،باہمی مفیداور تعمیری ہوں گے۔
کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے دونوں ممالک کے اس عزم کو اُجاگر کیا کہ وہ ایک اعلی معیار کے سرمایہ کاری نظام کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومتِ پاکستان نے کاروبار میں آسانی کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں سرمایہ کاروں کے تحفظ، تنازعات کی روک تھام کے شفاف طریقہ کار، اور ضابطہ جاتی ہم آہنگی شامل ہیں، جو ملک کے وسیع تر اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کے اہم ستون ہیں۔ پاکستانی وفد کینیڈین حکام کے ساتھ تعمیری انداز میں مذاکرات جاری رکھے گا تاکہ دوطرفہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ واضح رہے کہ اس سے قبلFIPPA/BIT مذاکرات کا گزشتہ دور اکتوبر 2025 میں اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔