بلوچستان بالخصوص کوئٹہ میں بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کی ایک روشن روایت گزشتہ ایک صدی سے قائم ہے جو معاشرے میں پرامن بقائے باہمی کو فروغ دے رہی ہے۔
صدر بلوچستان شیعہ کانفرنس عاشق حسین ہزارہ نے کہا ہے کہ تمام مکاتبِ فکر کے ساتھ ان کے بہترین تعلقات ہیں اور ہر سال محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی فورسز اور حکومت کی جانب سے اطمینان بخش انتظامات کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق اجلاسوں میں تمام مکاتبِ فکر کے نمائندوں کے ساتھ مسیحی برادری بھی شریک ہوتی ہے۔
مذہبی اسکالر علامہ ڈاکٹر موسی حسینی نے کہا کہ محرم الحرام کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے جس میں اہلِ سنت سمیت تمام مکاتبِ فکر بھرپور شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہر سال محرم الحرام کے موقع پر محبت، بھائی چارے اور رواداری کی قابلِ تقلید مثال قائم کی جاتی ہے۔
صوبائی پیغامِ امن کمیٹی کے رکن پادری سائمن بشیر نے مسلمانوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری محرم الحرام کے جلوسوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرتی ہے اور تفرقہ پھیلانے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
صوبائی پیغامِ امن کمیٹی کے رکن مولانا سمیع اللہ نے کہا کہ حضرت امام حسین کی عظیم قربانی امت مسلمہ کو صبر، استقامت اور حق پر قائم رہنے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور صوبے میں امن و استحکام کیلئے تمام مکاتبِ فکر، علما اور تاجر برادری متحد ہیں۔
بلوچستان میں مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کی یہ فضا قومی یکجہتی، امن اور استحکام کیلئے ایک مثبت اور حوصلہ افزا مثال ہے۔