Sunday, 21 June 2026, 01:48:56 pm
 
بلوچستان میں لیویزکا پولیس میں انضمام مکمل،قیام امن اورادارہ جاتی مضبوطی کا اہم سنگ میل عبور
June 17, 2026

بلوچستان میں لیویز فورس کا پولیس میں انضمام کا عمل مکمل ہو گیا ہے، جسے صوبے میں قیامِ امن اور ادارہ جاتی مضبوطی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ عمل 2025 میں شروع ہوا تھا اور جون 2026 میں مکمل کیا گیا، جس کے تحت بلوچستان بھر میں لیویز اہلکاروں کو مرحلہ وار کامیابی کے ساتھ پولیس میں شامل کیا گیا۔ مجموعی طور پر 32 ہزار 942 لیویز اہلکاروں کو نیا انتظامی ڈھانچہ تشکیل دے کر بلوچستان پولیس میں ضم کیا گیا ہے۔

انضمام کے بعد ڈی جی لیویز آفس اور زونل ڈائریکٹوریٹس کے اسٹاف کو پولیس میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی صوبے میں اے اور بی ایریا کا نظام بھی مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، جس کے بعد امن و امان کی صورتحال براہ راست محکمہ پولیس کے دائرہ کار میں آ گئی ہے۔

آئی جی بلوچستان پولیس نے اس پیش رفت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سائلین کے مسائل کا بروقت اور میرٹ پر حل ہمیشہ اولین ترجیح رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں شامل ہونے والے لیویز کے جوان فورس کی استعداد کار اور طاقت میں مزید اضافہ کریں گے۔

یہ انضمام شہریوں کے مسائل کے بروقت اور بہتر حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جس سے صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی مزید مثر ہونے کی توقع ہے۔