صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع واشک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اپنے الگ الگ بیانات میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بھرپور قومی حمایت اور پوری قوت سے جاری رہیں گی۔